سابق ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سردار منصب ڈوگر، فاروق رضامانیکا، نظام الدین سیالوی،آصف عباس اور میاں ماجد رضا نوازنے مسلم لیگ کے صدر اور سابق وزیراعظم شہبازشریف سے لاہور میں ملاقات کی۔
ملاقات میں تمام سیاستدانوں نے نوازشریف کی قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ ن میں شمولیت کا اعلان کر دیا،شہبازشریف نے پارٹی میں شمولیت پر سابق ارکان اسمبلی کو مبارک پیش کی، اور کہا کہ ن لیگ میں شمولیت پر خوش آمدید، فیصلے کا خیرمقدم کرتا ہوں۔
صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن ایک گھر کی طرح ہے، جس میں سب کا احترام کرتے ہیں،مسلم لیگ ن نے کبھی عوام کو مایوس نہیں کیا،انتخابات میں عوام نے کامیاب کیا تو عوام کو مہنگائی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلائیں گے۔
شہبازشریف نے کہا کہ قائد نوازشریف کا ہر دور تعمیر، ترقی اور عوامی خوش حالی کا دور ہے ، پاکستان کی معاشی خودانحصاری اور مسلم لیگ (ن) کی انتخابی کامیابی لازم وملزوم ہیں ۔
مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کرنے والوں نے قائد نوازشریف پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انکی قیادت میں پاکستان کی ترقی مسلم لیگ (ن) کی روایت رہی ہے،نوازشریف کی قیادت میں عوام اور ملک کی ترقی میں بھرپور کردارادا کریں گے۔