تحریک تحفظ آئین پاکستان نے چیف جسٹس کو خط لکھ کر شوگر اسکینڈل پر ازخود نوٹس لینے کی اپیل کردی۔
تحریک تحفظ آئین پاکستان نے شوگر اسکینڈل پر چیف جسٹس آف پاکستان کو خط ارسال کر دیا۔خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ معاملہ تین رکنی ججز کمیٹی کو بھیج کر از خود نوٹس لیا جائے۔
تحریک نے شوگر اسکینڈل کی شفاف تحقیقات کے لیے ایک آزاد تحقیقاتی کمیشن تشکیل دینے کی درخواست کی ہے۔
خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دن دہاڑے عوام سے اربوں روپے لوٹے گئے لیکن تمام احتسابی ادارے خاموش ہیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ حکومت میں شامل چند خاندانوں کے شوگر انڈسٹری سے براہ راست یا بالواسطہ تعلقات ہیں۔ یہ مفادات کے ٹکراؤ اور اقتدار میں رہتے ہوئے ذاتی کاروبار کو فائدہ پہنچانے کی بدترین مثال ہے۔
یہ خط محمود اچکزئی، علامہ ناصر عباس، اسد قیصر اور مصطفیٰ نواز کھوکھر کی جانب سے بھجوایا گیا۔






















