پی ڈی ایم اے پنجاب نے مون سون کے چھٹے طاقتور اسپیل کی پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون سسٹم کے ساتھ کل سے مغربی ہوائیں بھی شامل ہوجائیں گی، 4 سے7 اگست تک پنجاب کے بیشتراضلاع میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاوالدین میں بارشوں کا امکان ہے، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
لاہور، شیخوپورہ، سیالکوٹ، نارووال، ساہیوال، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خوشاب میں بارش کا امکان ہے، میانوالی، ننکانہ صاحب، چنیوٹ، فیصل آباد، سرگودھا اور اوکاڑہ میں بارش کی پیشگوئی ہے۔
اعلامیے کے مطابق 5 اگست ڈی جی خان،بھکر،بہاولپور،خانیوال، وہاڑی، لودھراں، اور راجن پورمیں بارشیں ہونگی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ 5 سے7 اگست کے دوران مری، گلیات، راولپنڈی اور دیگر اضلاع میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے، لاہور، راولپنڈی، گوجرانوالہ اورسیالکوٹ میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔ بارشوں کے باعث بڑے دریاؤں سےملحقہ ندی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ ڈپٹی ڈائریکٹر محکمہ موسمیات عرفان ورک کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں جولائی میں مجموعی طور پر 25 فیصد زائد بارشیں ہوئیں۔ اگست میں بھی معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے۔






















