وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد مری ایکسپریس وے کا دورہ کیا جس دوران تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا اور این ایچ اے حکام کو ایکسپریس وے کا کام معیاری اور جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ مری ، اسلام آباد ایکسپریس وے پر خوبصورت لائٹس کی تنصیب مکمل ہو گئی ہے اور دن رات کام جاری ہے ۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ اسلام آباد مری دو رویہ ہائی وے کو عالمی معیار کے مطابق مکمل کیا جائے، محفوظ ، بلا رکاوٹ اور آرام دہ سفری سہولیات سیاحوں کا حق ہے، سیاحوں کے لیے ریسٹ ایریاز اور ہنگامی طور پر رکنے کے مقامات جلد مکمل کیے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ مری، ایکسپریس وے کے دونوں اطراف مقررہ حدود میں غیر قانونی تعمیرات نہیں ہونی چاہئیں، تعمیراتی کاموں میں روایتی طرز عمل سے نکل کر جدت کو اپنانا ہوگا، مری ایکسپریس وے کے اطراف یادگاری دیواروں کی تعمیر اور تزئین جلد مکمل ہوگی ۔
وفاقی وزیر مواصلات نے زیر تعمیر ریسٹ ایریاز کا معائنہ کیا جبکہ مختلف امور پر ضروری ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ مری ایکسپریس وے پر موجود تجاوزات اور غیر قانونی راستوں کی بندش یقینی بنائی جائے۔






















