پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر اعظم سواتی کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے مختصر فیصلہ جاری کردیا۔
پشاور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ اعظم سواتی 5 کروڑ روپے کے ضمانتی مچلکے رجسٹرار جوڈیشل کے پاس جمع کرائیں۔ فیصلے کے مطابق درخواست گزار کو نیب کی جانب سے جب بھی طلب کیا جائے، انہیں پیش ہونا لازم ہوگا۔
درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیب کی درخواست پر اعظم سواتی کا نام ای سی ایل میں شامل کیا گیا تھا۔
اعظم سواتی نے کوہستان مالیاتی اسکینڈل میں جاری نیب تحقیقات کے تناظر میں اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے عدالت سے رجوع کیا تھا۔





















