وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے فیصل آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے 9 مئی 2023 کے مقدمات میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کو سزائیں سنانے کے فیصلے کو قانون اور انصاف کی جیت قرار دیا ہے۔
ان ملزمان نے شہداء تک کی تکریم نہیں کی جنہوں نے اس ملک کیلئے اپنی جان قربان کر دی ان کی یادگاروں تک کو نقصان پہنچایا۔ ملک کے اندر باقاعدہ طور پر نظام کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔ سزائیں قانون کے مطابق اور فیئر ٹرائل کے تحت ہوئی ہیں۔
— Attaullah Tarar (Office) (@AttaTararoffice) July 31, 2025
~ وفاقی وزیرِ اطلاعات عطاء اللّٰہ تارڑ کا بیان pic.twitter.com/RtQwrjBdHb
جمعہ کو جاری کیے گئے اپنے ویڈیو بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نے 9 مئی کو منظم سازش کی جس کا فیصلہ بانی پی ٹی آئی نے کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ملزمان کو ناقابل تردید شواہد کی بنیاد پر سزائیں سنائی گئیں جن میں سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر ثبوت شامل ہیں۔
عطا تارڑ نے زور دیا کہ 9 مئی ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن تھا جب فوجی تنصیبات اور حساس اداروں پر حملے کیے گئے، جو دشمن کے ہاتھ مضبوط کرنے کے مترادف تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدالتی فیصلہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی فتح ہے اور اس سے واضح پیغام ملتا ہے کہ آئندہ کوئی بھی ایسی جرات نہیں کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ تمام سزائیں شفاف ٹرائل کے بعد قانون کے مطابق دی گئیں اور یہ فیصلہ پاکستان کے استحکام اور ریاستی اداروں کے وقار کے تحفظ کی طرف اہم قدم ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے ہنگامہ آرائی اور تشدد کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا لیکن اب قانون اپنا راستہ اختیار کر رہا ہے۔
انہوں نے عدلیہ سے اپیل کی کہ باقی مقدمات کو بھی منطقی انجام تک پہنچایا جائے تاکہ انصاف کا بول بالا ہو۔






















