محکمہ داخلہ پنجاب میں 55 کروڑ کے خفیہ فنڈز میں بے ضابطگیوں کا انکشاف سامنے آیا ہے ،آڈیٹر جنرل نے بے ضابطگیوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
پنجاب کے محکمہ داخلہ کے اکائونٹس کے آڈٹ کے دوران بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ، پچپن کروڑ سے زائد رقم کے فنڈز کےاستعمال کا مکمل ریکارڈ ہی فراہم نہ کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی پنجاب کے اکاؤنٹس میں 40 کروڑ 42 لاکھ کی بے ضابطگیاں پائی گئیں ، سیکرٹری ہوم ڈیپارٹمنٹ پنجاب کےاکاؤنٹس میں 9 کروڑ 95 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
ڈی پی او سیالکوٹ نے 87 لاکھ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی ڈی جی خان کے اکاؤنٹس میں 78 لاکھ پچاس ہزار روپے ، ڈی پی او منڈی بہاؤ الدین نے 71 لاکھ، ڈی پی او اوکاڑہ نے 69 لاکھ 97 ہزار اور ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب کے اکاؤنٹس میں 53 لاکھ 32 ہزارروپے، ڈی پی او حافظ آباد کے اکاؤنٹس میں 43 لاکھ 64 ہزار، ڈی پی او ساہیوال کے اکاؤنٹس میں 34 لاکھ اورڈی پی او گجرات کے اکاؤنٹس میں 30 لاکھ 37 ہزار روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پورٹ پرانی ہے، تمام محکموں کے آڈٹ کے دوران اعتراضات روٹین کی کارروائی ہے، ترجمان پنجاب پولیس کےمطابق سی ٹی ڈی اورپنجاب پولیس سے متعلقہ آڈٹ اعتراضات دور کرکے جواب جمع کرایا جا چکا ہے۔






















