اقوام متحدہ میں مسئلہ فلسطین کے دو ریاستی حل پر بین الاقوامی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس دوران اسحاق ڈار نے سائیڈ لائن میں غیر ملکی رہنماوں سے ملاقاتیں کیں۔
اسحاق ڈار نے بنگلہ دیش کے مشیر برائے امور خارجہ توحید حسین سے ملاقات کی جس دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا جبکہ سیاسی،اقتصادی اورثقافتی تعاون کو مزید مضبوط کرنے روابط کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا ۔ رہنماؤں نے غزہ میں سنگین انسانی بحران اور اسرائیلی جارحیت پر اظہار تشویش کیا ۔
دونوں رہنماوں نے فلسطینی عوام کیساتھ غیر متزلزل یکجہتی اور کانفرنس کے بامعنی نتائج نکلنے کی اُمید کا اظہار کیا جبکہ ملاقات میں فریقین کی جانب سے مستقبل قریب میں اعلیٰ سطح کے دورے کرنے پر اتفاق بھی کیا گیا ۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے بھی ملاقات کی جس دوران فریقین کا معدنیات، دفاع، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں وسیع البنیاد تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا ۔
دونوں رہنماوں نے پاکستان اور مصر کے درمیان اقتصادی تعاون کے فروغ اور تجارت کو آسان بنانے کیلئے روابط مضبوط بنانے ، مستقبل قریب میں اعلیٰ سطح وفود کے تبادلے کرنے پر اتفاق کیا ۔
فلسطینیوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ ، غزہ میں انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی رسائی فراہم کرنے پر زور دیا ، فریقین نے کہا کہ امید ہے دو ریاستی حل پر بین الاقوامی کانفرنس کے بامعنی اور تعمیری نتائج نکلیں گے۔






















