کراچی کے ساحل کے قریب دوہرے قتل کی پراسرار واردات، پولیس کو خاتون اور مرد کی لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق مقتولین کا تعلق گوجرانوالا سے تھا، گوجرانوالہ کے تھانے میں لڑکی کے اغواء کا مقدمہ درج تھا۔
کراچی میں کلفٹن کے علاقے میں چائنا پورٹ کے قریب لڑکے اور لڑکی کی لاشیں ملی ہیں، ابتدائی طور پر پتہ چلا ہے کہ دونوں کو گولی مار کر قتل کیا گیا۔
ترجمان چھیپا کے مطابق دوپہر 12 بجے کے قریب کلفٹن کے ساحل کے قریب لاشوں کی اطلاع ملی۔
ایس ایس پی ساؤتھ مہروز علی نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور بتایا کہ گولیوں کے دو خول ملے ہیں، مقتولین کی شناخت ثناء آصف اور ساجد مسیح کے نام سے ہوئی، دنوں کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے، لاش کے پاس سے پولیس کو ایک موبائل بھی ملا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گوجرانوالہ کے تھانہ تتلی میں لڑکی کے اغواء کا مقدمہ درج ہے، ممکنہ طور پر پسند کی شادی کیلئے دونوں کراچی آئے تھے۔






















