نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے نیویارک میں امریکن پاکستانی پبلک افیئرز کمیٹی (اے پی پی اے سی) کے ارکان سے ملاقات کی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے تارکین وطن کے لیے اے پی پی اے سی کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تنظیم کے کردار کی تعریف کی جس نے پاکستان اور امریکا کے درمیان پل کا کردار ادا کیا ہے۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم نے افہام و تفہیم کے فروغ اور مشترکہ مقاصد کے حصول کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ اے پی پی اے سی کی پالیسی ایڈووکیسی، کمیونٹی لیڈرشپ اور تارکین وطن کی بہتری کے لیے کوششیں قابل ستائش ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ اسحاق ڈار اپنے سرکاری دورے کے دوران نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاسوں میں بھی شرکت کر رہے ہیں جہاں وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کریں گے۔






















