برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کے دوران روزانہ 10 گھنٹے کے اعلان کردہ وقفے کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام وہاں کے لوگوں کے مصائب کم کرنے کے لیے نہایت محدود ہے۔
ڈیوڈ لیمی نے اپنے بیان میں کہا کہ چند گھنٹوں کا وقفہ شدید مصیبت میں مبتلا لوگوں کی ضروریات پوری نہیں کر سکتا اور امداد کی رسائی کو آئندہ چند گھنٹوں اور دنوں میں فوری طور پر تیز کرنا ہوگا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ غزہ میں مستقل جنگ بندی کی جائے جو اس تنازع کو ختم کر سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ یرغمالیوں کی رہائی اور زمینی راستوں سے امداد کی بلا رکاوٹ فراہمی کو یقینی بنانا ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فضائی امداد سے کچھ حد تک مصائب کم ہو سکتے ہیں لیکن پائیدار حل زمینی راستوں کے ذریعے امداد کی مسلسل فراہمی ہے۔
برطانوی وزیر خارجہ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ غزہ کے عوام کی انسانی ضروریات کو ترجیح دی جائے اور تنازع کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔





















