وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سی پیک کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا جبکہ دوسرے مرحلے میں صنعتی تعاون، زراعت، آئی ٹی اور سماجی ترقی پر توجہ مرکوز ہے اور گوادر کی ترقی اور اقتصادی زونز کی تعمیر اہم ترجیح ہے۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر احسن اقبال سے چینی سفیرجیانگ زائیڈونگ نے ملاقات کی جس میں وزیربحری امور جنید انوار چوہدری اور دونوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے وفود بھی شریک ہوئے۔
چینی سفیر نے کہا دونوں ممالک کےدرمیان تعاون آئندہ برسوں میں مزید وسعت اختیار کرے گا۔
احسن اقبال نے کہا آئندہ ہونے والی جے سی سی میں اہم فیصلے متوقع ہیں ، سی پیک کو وسطی ایشیا سے جوڑنا خطے میں اقتصادی استحکام کا ذریعہ ہو گا۔
ان کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کو بہتر بنانے کے لئے حکومت نے ٹھاس اقدامات کئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا گوادر اور اس کے گردونواح میں معدنیات کے شعبے میں بے شمار مواقع موجود ہیں اور جدید انفراسٹرکچر کے قیام کے ذریعے معدنیات سے بھرپور استفادہ کیا جا سکتا ہے۔






















