وزیرِاعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس دوران دونوں رہنماؤں نے غزہ میں نہتےفلسطینوں پر جاری وحشیانہ اسرائیلی مظالم پر اظہار تشویش کیا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا کے ہر فورم پرفلسطینی بہن بھائیوں کی آواز بن کر اسرائیلی انسانیت سوز مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں وزیرِاعظم نے اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فلسطینیوں کیلئے امداد کی ترسیل کی بندش کی مذمت کی اور کہا اسرائیلی بندش کے باعث غزہ میں شدید غذائی قلت ہے، پاکستان یہ معاملہ ہر فورم پر اٹھائے گا۔ پاکستان صہیونی ظلم و جبر کا شکار نہتے فلسطینی بہن بھائیوں کی سفارتی و اخلاقی مدد جاری رکھے گا۔ دنیا کے ہر فورم پرفلسطینی بہن بھائیوں کی آواز بن کر اسرائیلی انسانیت سوز مظالم کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے۔
وزیرِاعظم نے امیر جماعت اسلامی اورالخدمت فاؤنڈیشن کی متاثرین غزہ کیلئے امداد بھیجنے کی کوششوں کوسراہا۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ فلسطینی عوام اور پورا عالم اسلام پاکستان اور اس کی قیادت سے بڑی امیدیں رکھتے ہیں۔






















