امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے کہاہے کہ اسحاق ڈار اور مارکو روبیو کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امریکی سیکریٹری خارجہ نے علاقائی استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ ملاقات میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دوطرفہ تعاون پربھی گفتگو ہوئی۔
امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی امریکی سیکرٹری خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کے بعد بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان اگست میں انسداد دہشگردی مکالمے پر تبادلہ خیال ہوا، پاک امریکہ انسداد دہشتگردی مکالمہ اگست میں اسلام آباد میں ہو گا، مارکو روبیو نے ایران سے ثالثی کے پاکستان کی تعمیری پیشکش کو سراہا۔
ٹیمی بروس کا کہناتھا کہ سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے علاقائی استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی ، ملاقات میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے دوطرفہ تعاون پربھی گفتگو ہوئی جبکہ داعش کے خلاف مشترکہ اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، سیکریٹری خارجہ مارکو روبیو نے دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا، معدنیات اور کان کنی کے شعبوں میں دوطرفہ تجارتی تعاون کو فروغ دینے پر بھی بات چیت کی گئی ۔






















