نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو سے ملاقات کی، ملاقات میں دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واشنگٹن ڈی سی میں امریکی محکمہ خارجہ پہنچنے پر اسحاق ڈار کا استقبال امریکی حکام نے کیا، جبکہ امریکہ میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی ان کے ہمراہ تھے۔
وفود کی سطح پر ہونے والی اس ملاقات میں دونوں فریقین کی جانب سے سینئر حکام نے شرکت کی، جس میں پاک امریکہ تعلقات اور مختلف شعبہ جات میں ممکنہ تعاون پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی میں صدر ٹرمپ کے کردار اور کوششوں کو سراہا اور کہا کہ یہ کاوشیں لائق تحسین ہیں۔
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی لازوال قربانیوں کا اعتراف کیا۔ عالمی و علاقائی امن کے حوالے سے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ دوطرفہ تعلقات میں مزید وسعت اور استحکام کا خواہاں ہے۔ جاری ٹریڈ ڈائیلاگ میں مثبت پیش رفت کے حوالے سے بھی امید کا اظہار کیا۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان، امریکی کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کے لیے ایک پرکشش منزل ہے۔ علاقائی امن کے حوالے سے دونوں ممالک کے نقطہ نظر اور مفادات میں ہم آہنگی پائی جاتی ہے۔
امریکہ میں موجود پاکستانی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ عالمی امن کے فروغ کے لیے صدر ٹرمپ اور امریکی قیادت کی کوششوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی امریکی ہم منصب مارکو روبیو سےملاقات میں انسدادِ دہشت گردی اور علاقائی امن کے حوالے سے بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔






















