لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر ابوزر شاد نے کہاہے کہ آرمی چیف سے ملاقات میں ہر تاجر نے اپنے مسائل بتائے اور فیلڈ مارشل نےہماری مکمل با ت سنی، چیئرمین اپٹما کامران راشد کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل نےکہا جب تک معاملات حل نہ ہوں کسی تاجر کو ہراساں نہ کیا جائے، جو ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہےیہ وزیرخزانہ اور ایف بی آرنہیں کروا پا رہا تھا۔
لاہور چیمبر آف کامرس کے صدر ابو زر شاد نے سماء نیوز کے پروگرام ’’ ریڈ لائن ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کا احوال سنایا ، انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سے ملاقات میں فیڈریشن کے چیئرمین عاطف اکرام، ایس ایم تنویر اور بہت سے چیمبرز کے صدور بھی موجود تھے جبکہ ہر تاجر نےاپنے مسائل بتائے اور فیلڈ مارشل نے 2 گھنٹے تک ہماری بات سنی اور نے اچھا کھانا دیا۔
ابو زر شاد کا کہناتھا کہ فیلڈ مارشل نے اپنے ہاتھ سے نوٹس لکھے ، کاش سیاستدان بھی سبق حاصل کریں،انہوں نے تاجروں کو عزت اور احترام دیا، صدیوں بعد ایسی ملاقاتیں ہوتی ہیں، انہوں نے ہر سیکٹر کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھا اور ایک ، ایک بات کی گہرائی میں گئے۔
چیئرمین اپٹما کامران راشد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل سے مثبت اور اچھی ملاقات ہوئی، فیلڈ مارشل کو ایف بی آرکو تاجروں کی گرفتاری کے اختیارات ، برآمدات اور ترسیلات زر بڑھنے کے حوالے سے بتانے گئے تھے، فیلڈ مارشل کو بتایا تاجر برادری کی وجہ سےٹیکس جمع کرنےکی شرح بڑھی ہے ، جب تک کاروباری افراد خوش نہیں ہوں گے،بیرونی سرمایہ کاری نہیں آئےگی۔
کامران ارشد کا کہناتھا کہ فیلڈ مارشل نے صبروتحمل سےتاجروں کی بات سنی،اس چیز کو سراہتے ہیں، تاجروں کی بات سننے کے بعداپنی متعلقہ ٹیم کو ہدایات دیں، فیلڈ مارشل نےہدایت دیں تاجروں کی جی ایچ کیو یا ایس آئی ایف سی کے دفتر میں ملاقات کرائیں، فیلڈ مارشل نےکہا جب تک معاملات حل نہ ہوں کسی تاجر کو ہراساں نہ کیا جائے، جو ہمیں یقین دہانی کرائی گئی ہےیہ وزیرخزانہ اور ایف بی آرنہیں کروا پا رہا تھا۔






















