راولپنڈی میں شدید طوفانی بارشوں کے باعث ایک دلخراش واقعہ پیش آیا جہاں 64 سالہ ریٹائرڈ کرنل اسحاق قاضی اور ان کی 25 سالہ بیٹی اپنی گاڑی سمیت برساتی نالے کے سیلابی ریلے میں بہہ گئے۔
واقعہ منگل کی صبح اس وقت پیش آیا جب کرنل ر اسحاق اپنی بیٹی کو لے کر گھر سے نکلے اور تیز پانی کے بہاؤ میں ان کی گاڑی پھنس گئی۔
عینی شاہدین کے مطابق گاڑی نالے کے قریب رکی تھی کہ اچانک پانی کا بہاؤ بڑھنے سے وہ بہہ گئی اور دونوں افراد مدد کے لیے پکارتے رہے۔
ریسکیو 1122، مقامی پولیس، نجی ہاؤسنگ سوسائٹی کے عملے، نیوی کے غوطہ خوروں، آرمی ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں پر مشتمل ٹیموں نے فوری طور پر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن شروع کیا اور آپریشن میں سوان برج اور گورکھ پور کے مقامات پر خصوصی توجہ دی گئی جہاں نالہ سوان دریا سے ملتا ہے۔
تاہم، 10 گھنٹے کی مسلسل کوششوں کے باوجود دونوں افراد کا کوئی سراغ نہ مل سکا۔
رات کے اندھیرے کی وجہ سے آپریشن روک دیا گیا اور حکام نے اعلان کیا کہ تلاش کا سلسلہ بدھ کی صبح دوبارہ شروع کیا جائے گا۔






















