قائم مقام اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن کے 26 معطل ارکان کی رکنیت بحال کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے فوری نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
یاد رہے کہ اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے پنجاب اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ہنگامہ آرائی کرنے پر اپوزیشن کے 26 ارکان کو معطل کیا تھا۔
اسپیکر کی جانب سے معطل ارکان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا تھا۔
تاہم، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات ہوئے تھے جس کے نتیجے میں اراکین کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
لازمی پڑھیں۔ پنجاب اسمبلی: 26 معطل اپوزیشن ارکان کی بحالی پر مذاکرات میں اہم پیش رفت
منگل کو قائم مقام اسپیکر پنجاب اسمبلی ظہیر اقبال چنڑ نے اراکین کی بحالی کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ بحال شدہ ارکان کو فوری طور پر ایوان میں شرکت کی اجازت دی جائے تاکہ وہ اپنے حلقوں کی آزادانہ نمائندگی کرسکیں۔
اس موقع پر وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی بھی یہی خواہش ہے کہ منتخب نمائندگان ایوان میں آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔
صوبائی وزیر خزانہ نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر اسمبلی کی رونق ادھوری ہے اور 26 ارکان کی بحالی سے وہ اپنے حلقوں کی بہتر نمائندگی کرسکیں گے۔
مجتبیٰ شجاع الرحمان نے اپوزیشن سے درخواست کی کہ وہ ایوان میں آکر اپنا کردار ادا کریں۔
بعدازاں، اپوزیشن اراکین ایوان میں آئے اور حکومتی اراکین نے تالیاں بجا کر انکا استقبال کیا۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ جناب اسپیکر ہم اپوزیشن اراکین کو ویلکم کرتے ہیں اور ہمیں بہت خوشی ہے کہ آپ ایوان میں آئے ہیں۔
پینل آف چیئرپرسن علی رضا نے بھی اپوزیشن اراکین کو خوش آمدید کہا۔






















