وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت معرکہ حق تقریبات کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیراطلاعات عطااللہ تارڑ اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے شرکت کی۔
اجلاس میں متعلقہ وزارتوں نے معرکہ حق کی تقریبات کے لیے مجوزہ منصوبہ جات اور اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ جشنِ آزادی 2025 کو منفرد انداز اور جوش و ولولے کے ساتھ منایا جائے گا۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آپریشن بنیان مرصوص ہماری دفاعی خودمختاری کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس برس یوم آزادی اور معرکۂ حق کے ذریعے پوری دنیا کو یہ پیغام دیں گے کہ پاکستان ترقی کی نئی بلندیوں پر گامزن ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومیں عزم، ہمت اور تنظیم سے ترقی کرتی ہیں، یہی معرکۂ حق کا پیغام ہے۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ قومی ترقی کے اس معرکۂ حق میں ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔






















