معروف کاروباری شخصیت ، ایکس اے آئی، اسپیس ایکس، ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک نے بچوں کے لیے ایک جدید آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) چیٹ بوٹ متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے جس کا نام ’بے بی گروک‘ رکھا گیا ہے۔
We’re going to make Baby Grok @xAI, an app dedicated to kid-friendly content
— Elon Musk (@elonmusk) July 20, 2025
ایلون مسک نے اپنی ایکس پوسٹ میں بتایا کہ ’بے بی گروک‘ بچوں کے لیے محفوظ اور تعلیمی رابطوں پر مبنی ہوگا۔
یہ چیٹ بوٹ گروک کا ایک سادہ ورژن ہوگا جو کم عمر صارفین کے لیے محفوظ تجربے کو یقینی بنائے گا تاہم، انہوں نے اس کی تفصیلات یا اوریجنل گروک سے فرق کے بارے میں مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔
واضح رہے کہ ایکس اے آئی نے 2023 میں گروک چیٹ بوٹ متعارف کرایا تھا جس کا مقصد چیٹ جی پی ٹی اور گوگل جیمنائی جیسے دیگر اے آئی ماڈلز سے مقابلہ کرنا تھا۔
بعدازاں گروک کو ایکس پلیٹ فارم کا حصہ بنایا گیا اور اسے بہتر بنانے کے لیے مسلسل سرمایہ کاری کی جا رہی ہے۔
رواں ماہ گروک 4 ماڈل متعارف کرایا گیا تھا جس کے بارے میں ایلون مسک نے دعویٰ کیا کہ یہ ہر موضوع پر دیگر اے آئی ماڈلز سے نمایاں طور پر بہتر ہے۔






















