وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ مقتولین کا آپس میں کوئی تعلق نہیں تھا، سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں انہیں شادی شدہ جوڑا کہا گیا، خاتون 5 بچوں کی ماں تھی، واقعے میں جو بھی ملوث ہوگا اسے سزا دلوائیں گے، ریاست قاتلوں کے ساتھ نہیں مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوہرے قتل میں قبائلی سردار سمیت 11 افراد گرفتار کرلیے، سوشل میڈیا پر جو چیز جیسے آتی ہے اسے وائرل کردیا جاتا ہے، سوشل میڈیا پر واقعہ آنے سے قبل میرے پاس ویڈیو موجود تھی، اس پر فوری احکامات دیے، جو بھی اس کیس میں ملوث ہوگا اسے عدالتوں سے سزا دلوائیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس واقعے کے عوامل بارے لوگوں کو سچ کا علم ہونا چاہئے، سوشل میڈیا پر نیا شادی شدہ جوڑا کہا گیا، خاتون 5 بچوں کی ماں تھی اور ان کا خاوند بھی تھا، خاتون کو جس انداز سے گھناونے انداز میں قتل کیا گیا اس کی اجازت کوئی نہیں دے سکتا، ان قاتلوں کے ساتھ ریاست کھڑی نہیں ہوئی، ریاست مظلوموں کے ساتھ کھڑی ہوگی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ اسپیشل برانچ کے ڈی ایس پی کو معطل کردیا ہے، ابتدائی کیس کی اطلاع ملزم کے ورثاء دیتے ہیں، خاتون کا 15 سالہ بیٹا موجود ہے، پولیس جب کارروائی کیلئے گئی تو خواتین نے پتھر مارے، مقتولین کا آپس میں کوئی رشتہ نہیں تھا۔
سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ ڈیگاری کیا ہے اس کے بارے میں کسی کو علم نہیں، قاتلوں کی مہربانی انہوں نے ویڈیو شئیر کی، بلاول بھٹو زرداری نے اسے بطور ٹیسٹ کیس دیا، بلاول بھٹو زرداری کی توقعات پر پورا اتریں گے۔






















