پاکستان میں طیاروں کے جیٹ فیول کی قیمت میں نمایاں اضافے کے بعد ایئرلائنز نے ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کے کرایوں میں اضافہ کردیا ہے۔
ایئرلائن ذرائع کے مطابق ڈومیسٹک پروازوں پر 2800 سے 5 ہزار روپے فی ٹکٹ تک کا اضافہ کردیا گیا، کراچی سے لاہور اسلام آباد اور دیگر اسٹیشن کے لیے کرایوں میں اضافہ کیا گیا۔
بین الاقوامی پروازوں کے لیے 10 سے 28 ہزار روپے تک اضافہ کردیا گیا ، پاکستان سے مشرق وسطیٰ اور وسط ایشیائی ملکوں کے لیے 15 ہزار روپے، پاکستان سے ٹورنٹو مانچسٹر کی پروازوں پر 28 ہزار روپے تک فی ٹکٹ اضافہ کیا گیا ہے۔ ٹورنٹو مانچسٹر کی اکنامی کلاس کا یک طرفہ کرایہ ڈھائی لاکھ روپے سے تجاوز کرگیا۔
چند دن قبل پاکستان میں طیاروں کے جیٹ فیول کی قیمت میں 154 روپے فی لٹر اضافہ کیا گیا تھا، جیٹ فیول کی فی لٹر قیمت پاکستان میں اضافے کے بعد 342 روپے فی لٹر ہوگئی تھی۔ جیٹ فیول کی قیمت میں اضافے کے پیش نظر ملکی ایئرلائنز نے کرایوں میں ڈومیسٹک اور بین الاقوامی پروازوں پر اضافہ کیا ہے۔




















