بھارت کے اسٹار بیٹر اور سابق کپتان ویرات کوہلی ایک روزہ بین الااقوامی کرکٹ میں 49 سنچریاں بنا چکے ہیں اور اب انکی نظریں لیجنڈ کرکٹر سچن ٹنڈولکر کی سنچریوں کا ریکارڈ توڑنے پر ہیں کیونکہ وہ صرف ایک اور سنچری سکور کر کے یہ ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
لیکن، سوال یہ ہے کہ کیا ویرات کوہلی انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) ورلڈ کپ 2023 کے دوران سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ توڑ پائیں گے یا نہیں ؟۔
آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق کوہلی کے پاس جاری ورلڈ کپ میں ہم وطن کھلاڑی کا سب سے زیادہ ون ڈے سنچریوں کا دیرینہ ریکارڈ توڑنے کے کم از کم دو مواقع ہوں گے۔
کوہلی کے پاس ٹنڈولکر کو پیچھے چھوڑنے کا پہلا موقع اتوار کو بینگلور میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ میں ہوگا جہاں تمام نظریں سابق کپتان پر ہوں گی کہ آیا وہ ریکارڈ توڑتے ہیں یا نہیں۔
اگر، کوہلی نیدرلینڈز کے خلاف ریکارڈ توڑنے میں ناکام رہتے ہیں تو ان کے پاس ورلڈ کپ میں ایک اور موقع ہوگا جب بھارتی ٹیم اگلے ہفتے پوائنٹس ٹیبل پر موجود چوتھے نمبر کی ٹیم کے خلاف سیمی فائنل میں مدمقابل ہوگی۔
اگر ہندوستان یہ میچ جیت جاتا ہے تو وہ ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ بنا لے گا اور کوہلی جنوبی افریقا یا آسٹریلیا کے خلاف فیصلہ کن میچ میں تاریخ رقم کرنے کا ایک اور موقع حاصل کرسکیں گے۔
خیال رہے کہ کوہلی کی اب تک کی 49 ون ڈے سنچریوں میں سے چار ورلڈ کپ کے دوران بنی ہیں۔