پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی پارلیمانی پارٹی نے سابق رکن اسمبلی جمشد دستی کے خلاف فیصلے اور اپوزیشن لیڈر عمر ایوب کے خلاف ریفرنس پر الیکشن کمیشن آف پاکستان ( ای سی پی ) کے رویے کو امتیازی قرار دے دیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چئیرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اعلان کیا کہ پانچ اگست کو ہماری تحریک کا نقطہ عروج ہوگا اور ہر رکن پارلیمنٹ اپنے حلقے میں بھی احتجاج میں شرکت کرے گا۔
شیخ وقاص اکرم نے کہا صوبائی صدور اپنے احتجاج کے پلان میں آزاد ہوں گے لیکن انہیں اپنا احتجاجی پلان سیکریٹری جنرل آفس میں جمع کروانا ہوگا۔
شیخ وقاص اکرم نے پارٹی اختلافات کی تردید کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ عالیہ حمزہ ، سلمان اکرم اور میں بہن بھائی اور ایک ہیں۔
بیرسٹر گوہر علی کی گفتگو
بیرسٹر گوہر علی نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں سیاسی ، آئینی اور قانونی مسائل پر غور کیا گیا اور بانی پی ٹی آئی کے ساتھ جیل میں ناروا سلوک کی شدید مذمت کی گئی۔
انہوں نے کہا کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں بانی پی ٹی آئی تک پارٹی لیڈرز اور وکلا کی رسائی دی جائے اور تمام سہولیات فراہم کرتے ہوئے ناروا سلوک فوری بند کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں جمشید دستی کی نااہلی اور عمر ایوب کیخلاف جو ریفرنس دائر ہوا ہے اس پر بھی غورکیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کا رویہ امتیازی سلوک پر مبنی ہے جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ چیف جسٹس پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کیخلاف رات تک چلنے والے کیسز کا نوٹس لیں، تحریک انصاف کو انصاف دیا جائے۔
وقاص اکرم کی گفتگو
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ پارلیمانی پارٹی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت اور مسترد کرتی ہے، چند ماہ میں پٹرول کی قیمتوں کا بڑھنا اور چینی کی قیمت میں اضافے کو مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ مہنگائی ختم کر کے چینی اور پٹرول سستا فراہم کیا جائے۔
انہوں نے بتایا کہ بلوچستان میں ہونے والے واقعے پر غم و غصہ ہے۔
شیخ وقاص اکرم سے سماء کی جانب سے سوال کیا گیا کہ کیا آپ کا اور عالیہ حمزہ کا سیز فائر کرا دیا ہے جس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم بہن بھائی ہیں سارے اور سب ایک ہیں، عالیہ حمزہ، سلمان اکرم اور شیخ وقاص سب ایک ہیں۔



















