وفاقی کابینہ نے ای او بی آئی کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ اجلاس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا، اجلاس میں ای او بی آئی کی پنشن میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔
ایمپلائز اولڈ ایج بینفٹس انسٹی ٹیوشن پنشن میں اضافہ یکم جنوری 2025 سے ہوگا۔ پنشن میں اضافہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹیٹیوشن اپنے وسائل سے کرے گا۔ وزیراعظم نے ای او بی آئی میں اصلاحات کے لیے کابینہ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کردی۔
کمیٹی غیرمنظم لیبر سیکٹر کو بھی ای او بی آئی سہولت کی فراہمی کا جائزہ لے گی، غیر منظم لیبر میں گھریلو ملازمین،کاشت کاری سے وابستہ افراد شامل ہیں، اصلاحات سے اب تک نظرانداز کئے گئے ملازمین کو بھی حقوق ملیں گے۔
وفاقی کابینہ نے اجلاس میں سی کیرج شپنگ ڈاکومنٹس بل پر غور کیا، بل مسودے کے حوالے سے ضروری قانونی کارروائی شروع کرنے کی منظوری دیدی گئی
کینسر،امراض قلب اور جان بچانے والی غیر رجسٹرڈ ادویات منگوانے کی مدت میں اضافے کی منظوری دیدی گئی، غیر رجسٹرڈ شدہ ادویات مزید 5 سال تک درآمد کرنے کی منظوری دے دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق غیر رجسٹرڈ ادویات اسپتالوں اور متعلقہ صحت کےاداروں میں استعمال ہوتی ہیں، ادویات انسانی زندگیوں کے لئے اہم،ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے منظوری دی گئی، یہ غیر رجسٹرڈ ادویات صرف اسپتالوں اور متعلقہ اداروں میں دستیاب ہوں گی، غیر رجسٹرڈ ادویات کی کھلے عام مارکیٹ میں فروخت پر پابندی ہوگی۔
اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جی ڈی پی گروتھ، معاشی ترقی کیلئے سب مل کر کاوشیں کررہے ہیں، خرابیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کا کہ ہر ادارے کی کارکردگی دو ماہ بعد جانچی جائے گی ۔ کسی تادیبی کارروائی سے پیچھے نہیں ہٹوں گا ۔ خرابیوں کو دور کرنے کی کوشش کریں گے ۔ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی سرمایہ کاروں کے اعتماد کا مظہر ہے ۔ کہا حالیہ بارشوں میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ۔ سانحہ سوات دلخراش واقعہ تھا ۔ ایسے واقعات روکنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے۔





















