بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی ہمشیرہ علیمہ خانم نے کہا ہے کہ عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ذاتی اختلافات ختم کرکے ساری توجہ تحریک پر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
منگل کے روز بانی پی ٹی آئی کے ساتھ علیمہ خان کے علاوہ ان کی دو بہنوں نے ملاقات کی جبکہ وکیل ظہیر عباس چوہدری اور خیبر پختونخوا حکومت کے ترجمان بیرسٹر سیف بھی ملے۔
بانی سے ملاقات کے لئے پارٹی رہنماء اڈیالہ کے راستے داہگل ناکہ پہنچے جہاں پولیس نے سینیٹر علی ظفر،نیاز اللہ نیازی اور بیرسٹر گوہر کو روک لیا جبکہ بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں علیمہ خان ، عظمی خانم ، نورین خانم ، کزن قاسم زمان نیازی کے ہمراہ فیکٹری ناکہ پر پہنچیں ۔
پولیس نے انہیں روکا تو بیرسٹر گوہر ، سلمان اکرم راجہ ، فیصل جاوید اور ملک احمد خان بھچر بھی وہاں پہنچ گئے۔
دو بہنوں عظمی خانم اور نورین خانم کے ساتھ وکیل ظہیر عباس چوہدری نے بانی سے ملاقات کی جبکہ بیرسٹر گوہر ، سلمان اکرم راجہ اور نیاز اللہ نیازی کو ملاقات کی اجازت نہ ملی۔
دوسری طرف بشریٰ بی بی سے بھابھی مہر النساء احمد، بیٹیوں مبشرہ شیخ اور مہر النساء مانیکا نے بھی ملاقات کی۔
علیمہ خانم کی میڈیا سے گفتگو
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خانم کا کہنا تھا کہ بانی نے آج دو پیغامات دئیے ہیں اور کہا کہ ان کے ساتھ اور بشریٰ بی بی کے ساتھ ظلم ہو رہا ہے، ٹی وی اور اخبارات بند اور انسانی حقوق ختم کئے گئے ہیں۔
علیمہ خانم نے بتایا کہ بانی نے کہا لاہور اجلاس کے بعد اختلاف جان بوجھ کر پیدا کیا جا رہا ہے، ذاتی اختلافات ختم کریں اور ساری توجہ تحریک پر رکھیں، 300 پارلیمینٹیرینز لاہور مل کے جانے پر بانی خوش ہوئے۔
انہوں نے بتایا کہ بانی نے کہا جو اختلاف پیدا کرے گا پارٹی میں اس کو میں خود دیکھ لوں گا، ہم جیلوں میں بیٹھے ہیں آپ اختلافات پیدا کر رہے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں اب بانی کی رہائی کا راستہ بنانا ہے ، بانی کے ساتھ غیر انسانی سلوک ختم کریں، پارلیمینٹیرینز نے فیصلہ کرنا ہے سیاست میں رہنا ہے کہ نہیں، مذاکرات کس بات پر کرنے ہیں بانی کے کیسز سنیں بات ختم ہو جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی کی گفتگو
اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی احمد خان بھچھر کا کہنا تھا کہ لاہور میں 5 اگست تک ہماری تحریک چلتی رہے گی۔
احمد خان نے کہا کہ 26 ارکان اسمبلی کے حوالے سے اسپیکر سے میٹنگ ہوئی ہے، اپوزیشن کو احتجاج سے نہیں روکا جاسکتا۔
سلمان اکرم راجہ کی گفتگو
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ بانی کی واضح ہدایات ہیں لاہور اجلاس سے متعلق میڈیا پر مزید بات نہیں کرنی، پیسے کی وجہ سے پارٹی کسی کو ٹکٹ نہیں دے گی اور ہم سب نے اب مل کر اکٹھے چلنا ہے۔






















