پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے سینیٹ الیکشن کے لیے میڈیا پر زیر گردش ٹکٹوں کی لسٹ کو جعلی قرار دے دیا۔
اڈیالہ جیل کے قریب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے میڈیا پر زیر گردش ٹکٹوں کی لسٹ جعلی ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح کیا کہ سینیٹ الیکشن کے لیے امیدواروں کے نام بانی پی ٹی آئی نے پہلے ہی فائنل کر دیے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی کال پر تحریک کا آغاز ہو چکا ہے اور اس کا عروج 5 اگست کو ہوگا۔
انہوں نے پارٹی کے اندر اختلافات کے حوالے سے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ بڑی جماعتوں میں اختلاف رائے ہوتا رہتا ہے، لیکن پی ٹی آئی میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ان کی عالیہ حمزہ اور شیخ وقاص اکرم سے بات ہوئی ہے اور دونوں سے کہا گیا ہے کہ جو بھی بات ہے وہ پارٹی کے اندر رہنی چاہیے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے زور دیا کہ پارٹی نظم و ضبط کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے اور تمام معاملات داخلی طور پر حل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کارکنوں اور رہنماؤں پر زور دیا کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور پارٹی کی پالیسیوں پر عمل کریں۔





















