وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے دعویٰ کیا ہے کہ ملکی تاریخ میں اتنا ریونیو کسی حکومت نے کبھی اکٹھا نہیں کیا جتنا انکی صوبائی حکومت نے ایک دور میں کیا ہے۔
سماء کو دیے گئے خصوصی انٹرویو میں وزیر اعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور نے بڑا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی وفاقی یا صوبائی حکومت نے اتنا ریونیو اکٹھا نہیں کیا جتنا انہوں نے اپنے ایک دور میں اکٹھا کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ میں نے ڈھائی سو ارب روپے کا ریونیو اکٹھا کیا ہے اور میں گزشتہ چار ادوار کی حکومتوں کے ساتھ اپنے ایک دور کا مقابلہ کرنا چاہتا ہوں۔
علی امین گنڈاپور نے سربراہ جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) مولانا فضل الرحمان پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اپنے علاقے سے الیکشن ہار گئے ہیں اور پھر بھی خود کو لیڈر کہلاتے ہیں جبکہ ان کی ضمانتیں بھی ضبط ہوئی ہیں۔
انہوں نے بانی پی ٹی آئی کے احکامات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ہدایت دی ہے کہ محرم کے بعد تحریک شروع کی جائے اور اب دیکھنا یہ ہے کہ بطور وزیراعلیٰ مجھے کیا کرنا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ پانچ اگست سے تحریک کو پیک پر لے جانا ہے اور نوے دن کی ڈیڈلائن دینے کا فیصلہ میرا ہے۔



















