وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایکسپو سینٹر لاہور میں ایک پروقار تقریب کے دوران پاکستان کی پہلی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کا افتتاح کر دیا۔
تقریب میں صوبائی کابینہ، ارکان اسمبلی، سیکرٹریز اور دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی جبکہ پیرا اگلے ہفتے سے لاہور میں سرگرم ہوگی اور دسمبر تک پنجاب بھر میں فعال ہوجائے گی۔
بریفنگ کے مطابق پیرا مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور ناجائز منافع خوری کے خاتمے کے لیے منظم کارروائیاں کرے گی۔
یہ اتھارٹی زمینوں پر ناجائز قبضوں کے خلاف کارروائی کرکے کمزور طبقے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرے گی۔
پیرا شفاف تفتیش، مضبوط پراسیکیوشن اور قانون کے نفاذ میں کمزوریوں کے کلچر کو ختم کرنے کے لیے اقدامات کرے گی۔
وزیراعلیٰ کی منظوری پر پیرا ہیڈکوارٹر، پیرا لائنز اور ٹریننگ سیل قائم کیا جائے گا۔
تقریب کے دوران مریم نواز نے پیرا فورس سے ملاقات کی، گاڑیوں، موٹر بائیکس، ہتھیاروں، حفاظتی آلات، اور دیگر گیجٹس کا معائنہ کیا۔
انہوں نے خواتین ایس ڈی ای اوز کی موجودگی پر مسرت کا اظہار کیا اور پیرا سٹیشن کے تھری ڈی ماڈل، کنٹرول روم، انویسٹی گیشن روم، حراستی کمروں، ویٹنگ ایریا اور بیرکس کا بھی جائزہ لیا۔
انہوں نے شکایت کے اندراج کے عمل کا مشاہدہ کیا اور ٹوکن سسٹم کا تجربہ کیا۔
تقریب میں پیرا فورس کے چاک و چوبند دستے نے مارچ پاسٹ اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ پیش کیا اور فورس نے نکسل تحریک کے سدباب اور مظاہرین کو روکنے کی مشق بھی دکھائی۔
وزیراعلیٰ نے لاہور ڈویژن کی پیرا فورس کا معائنہ کیا اور موک انفورسمنٹ سٹیشن پر آپریشنل کارروائیوں کا جائزہ لیا اور انہوں نے ٹریننگ کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے چار افسران کو سرٹیفکیٹس بھی دیے۔






















