ججز سینیارٹی کیس میں عدالتی فیصلے کے خلاف مزید دو انٹرا کورٹ اپیلیں سپریم کورٹ میں دائر ہوگئیں۔
کراچی بار ایسوسی ایشن اور شعیب شاہین کی جانب سے دائر کی گئی اپیلوں میں 19 جون کے فیصلے کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔
اپیلوں میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے آرٹیکل 200 کی غلط تشریح کی اورمستقل تبادلے کا تصور خود سے اخذ کیا جو آئین میں موجود ہی نہیں۔
اپیل کنندگان کا مؤقف ہے کہ ججز کی اسامیوں پر تقرری صرف جوڈیشل کمیشن کے ذریعے ممکن ہے جبکہ عدالت کا یہ کہنا کہ تبادلے سے بھی اسامی پر تعیناتی ہو سکتی ہے آئین کے خلاف ہے۔
اپیلوں میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ججز کی سینیارٹی طے کرنا صدر مملکت کا اختیار نہیں۔






















