امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ غزہ جنگ بندی معاہدے کیلئے پُرامید ہیں، کہتے ہیں اگلے ہفتے معاملات طے پائیں گے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ دوحہ میں حماس اور اسرائیل کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہوجانے کے باوجود بھی اگلے ہفتے تک جنگ کے بارے میں پیشرفت کیلئے پرامید ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ہم غزہ کے معاملے پر بات کر رہے ہیں اور امید رکھتے ہیں کہ اگلے ہفتے ہم اس کو کافی حد تک حل کرلیں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل سسٹم دینے کا بھی اعلان کردیا، کہا کہ روسی صدر کے قول اور فعل میں تضاد ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کلب ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے روانگی سے پہلے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ٹیرف سے گزشتہ ماہ 25 ارب ڈالرز کمائے، یکم اگست سے نئے ٹیرف کے نفاذ کے بعد آمدنی کئی گنا بڑھے گی۔
سات اکتوبر 2023ء کو حماس کے حملوں کے بعد اسرائیل نے غزہ میں بے دردی سے عام شہریوں کو نشانہ بنایا، صہیونی ظالمانہ کارروائیاں بدستور جاری ہیں۔
فلسیطنی شعبہ صحت کے حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 57 ہزار سے زائد فلسطینی شہید اور ڈیڑھ لاکھ کے قریب زخمی ہوچکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
اسرائیل نے غزہ میں امدادی سامان لینے کیلئے جانے والے مزید 31 افراد کو گولیاں مار کر شہید کردیا جبکہ فضائی حملوں میں کم سے کم 28 افراد شہید ہوئے۔






















