صدر استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے خانیوال اور دنیا پور کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بلوچستان میں دہشتگردی کے واقعے میں شہید ہونے والے غلام سعید، عثمان اور جابر حسین کے اہلخانہ سے تعزیت کی۔
وفاقی وزیر کے ہمراہ صدر آئی پی پی پنجاب رانا نذیر احمد اور جنرل سیکرٹری و رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی بھی موجود تھے۔
خانیوال میں عبدالعلیم خان نے شہید غلام سعید کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور ان کے اہلخانہ سے ملاقات کی۔
انہوں نے بتایا کہ شہید کے چھ بچے ہیں اور ان کے والد بھی بیٹے کی شہادت کے صدمے سے وفات پا چکے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شہید غلام سعید نے بلوچستان میں دہشتگردی کا خمیازہ بھگتا اور ان کے پاس وہاں کوئی جائیداد نہیں تھی۔
عبدالعلیم خان نے بلوچستان میں ہونے والے دہشتگردی کے واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے، جس کا مقصد نفرت پھیلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی سے نہ صرف پنجاب بلکہ پورا پاکستان متاثر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور سندھ کی طرح پنجاب میں بھی غریب لوگ رہتے ہیں اور لاہور کے کئی علاقوں میں دوسرے صوبوں کے لوگ زیادہ ہیں۔
وفاقی وزیر نے زور دیا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں شہید ہونے والوں کے ساتھ ہیں اور تمام شہدا کے لیے دعاگو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج کے ہاتھ مضبوط کریں گے اور سپہ سالار کے ساتھ مل کر دہشتگردی کا ناسور ختم کیا جائے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ جس طرح بھارت کو جنگ میں شکست دی اسی طرح دہشتگردی کے خلاف بھی اسے شکست دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی دہشتگردی کا مقابلہ کرنے کے لیے سب کو متحد ہونا ہوگا۔
شہید بھائیوں عثمان اور جابر کے اہلخانہ سے تعزیت
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سانحہ لورالائی میں شہید ہونے والے دنیاپور کے دو بھائیوں عثمان اور جابر حسین کے اہلخانہ سے تعزیت کے لیے دنیاپور کا دورہ بھی کیا اور انہوں نے دونوں بھائیوں کے اہلخانہ سے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی پھیلا رہا ہے لیکن انشاءاللہ جلد دہشتگردی کے ناسور سے نجات مل جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں نوجوان بھائی اپنے والد کے جنازے میں شرکت کے لیے جا رہے تھے کہ وہ سفاک دہشتگردی کا نشانہ بن گئے، ان کی شادی بھی نہیں ہوئی تھی اور انہیں بے دردی سے شہید کیا گیا۔
عبدالعلیم خان نے شہداء کی والدہ کے حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے اپنے بیٹوں کو ملک پر قربان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ انشاءاللہ وہ وقت دور نہیں جب دہشتگردی کا مکمل خاتمہ ہوگا۔
عبدالعلیم خان نے زور دیا کہ دہشتگردی کے خاتمے کے لیے قومی یکجہتی ناگزیر ہے۔






















