پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کا کہنا ہے کہ جمہوریت کے راستے میں مزید کانٹے نہ بچھائے جائیں اور آسانیاں پیدا کی جائیں۔
ہفتہ کو پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کی مرکزی قیادت کے قافلے نے اسلام آباد سے لاہور پہنچ کر جاتی امرا کے قریب مرزا محمد خان آفریدی کے فارم ہاؤس پر پڑاؤ ڈالا، جہاں پارلیمانی پارٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی اور احتجاجی تحریک کے لائحہ عمل پر مشاورت کی گئی۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی جلسہ نہیں تھا، بلکہ پارلیمانی پارٹی کا اجلاس تھا، جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام بانی پی ٹی آئی عمران خان کے نظریے کے ساتھ ہیں جو دو سال سے سیاسی قید میں ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ جمہوریت کے راستے میں مزید کانٹے نہ بچھائے جائیں اور آسانیاں پیدا کی جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی جماعت کے لیڈر کو کب تک جیل میں رکھا جا سکتا ہے؟۔
انہوں نے اعلان کیا کہ بانی پی ٹی آئی نے اعلان کیا ہے کہ تحریک شروع ہے جو 5 اگست 2025 کو اپنے عروج پر پہنچے گی، جب عمران خان کی گرفتاری کو دو سال مکمل ہوں گے۔
بیرسٹر گوہر نے بتایا کہ اس تحریک میں عمران خان کے دونوں بیٹوں، قاسم اور سلیمان، کی شرکت متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر وہ پاکستان آتے ہیں اور تحریک کی قیادت کرتے ہیں تو یہ ان کا جمہوری حق ہوگا۔






















