انگلینڈ کے مایہ ناز کرکٹر جو روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔
اپنی شاندار بیٹنگ کے لیے مشہور روٹ نے اب فیلڈنگ میں بھی تاریخ رقم کر دی ہے اور لارڈز میں بھارت کے خلاف جاری تیسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے روز بھارتی بیٹر کرون نائر کا کیچ پکڑ کر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ کیچز لینے والے نان وکٹ کیپر فیلڈر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔
روٹ نے 266 ٹیسٹ اننگز میں 211 کیچز لے کر یہ اعزاز حاصل کیا جو اس سے قبل سابق بھارتی کرکٹر راہول ڈریوڈ کے پاس تھا جنہوں نے 301 اننگز میں 210 کیچز لیے تھے۔
اس کے ساتھ ہی روٹ نے بیٹنگ میں بھی اپنی کلاس کا مظاہرہ کیا اور 104 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی جو ان کے ٹیسٹ کیریئر کی 37ویں سنچری ہے۔
ان کی بدولت انگلینڈ نے بھارت کے خلاف پہلی اننگز میں 387 رنز بنائے۔
یاد رہے کہ انگلینڈ اور بھارت کے درمیان جاری پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر ہے اور یہ تیسرا ٹیسٹ میچ دونوں ٹیموں کے لیے اہم ہے۔






















