کراچی کے علاقے ڈیفنس میں فلیٹ سے خاتون کی لاش ملنے کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ،کئی روز سے فلیٹ میں موجود لاش اداکارہ حمیرا اصغر کی ہے جس کی شناخت شناختی کارڈ اور موبائل فون سم کی ملکیت سے کی گئی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق پولیس نے خاتون کے کمرے سے ملنے والے موبائل فون کی تفصیلات حاصل کر لیں ہیں، جس کے مطابق سم کارڈ اداکارہ حمیرا صغر کے نام پر رجسٹرڈ ہے جبکہ شناختی کارڈ بھی حاصل کر لیا گیا ہے جس سے تصدیق ہوئی ہے کہ لاش اداکارہ حمیرا اصغر کی ہی ہے ۔ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ یہ فلیٹ اداکارہ نے کرائے پر حاصل کر رکھا تھا، فلیٹ سے اداکارہ حمیرا اصغر کی تصاویر والا میگزین بھی ملا ہے۔
ڈیفنس فیز 6 اتحاد کمرشل فلیٹ میں اداکارہ 7 سال سے رہ رہی تھیں، وہ گھر میں اکیلی رہتی تھیں اور ان کی عمر 30 سے 35 سال کے قریب ہے ، انہوں نے 2018 میں فلیٹ رینٹ پر لیا تھا، 2024 سے کرایہ نہیں دے رہیں تھیں۔ مالک مکان نے فلیٹ خالی کرانے کے لیے عدالت سے رجوع کیا، عدالت نے فلیٹ خالی کرانے کے لیے بیلیف بھیجا، بیلف اندر گیا تو ایک لاش موجود تھی جو کسی خاتون کی تھی، بیلیف نے فلیٹ کو دوبارہ سیل کر دیا ہے، بیلف کےمطابق کل جج کے اگلے احکامات کی روشنی میں معاملے کو دیکھا جائے گا۔






















