وفاقی وزارت قانون نے جوڈیشل کمیشن کے فیصلوں کی روشنی میں چار ہائی کورٹس کے لیے مستقل چیف جسٹسز کی تعیناتی کے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔
جسٹس سرفراز ڈوگر کو اسلام آباد ہائی کورٹ، جسٹس عتیق شاہ کو پشاور ہائی کورٹ، جسٹس جنید غفار کو سندھ ہائی کورٹ، اور جسٹس روزی خان کو بلوچستان ہائی کورٹ کا مستقل چیف جسٹس تعینات کیا گیا ہے۔
جوڈیشل کمیشن نے یکم جولائی کو ان تقرریوں کی منظوری دی تھی۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی حلف برداری کل بروز منگل کو ہوگی اور بطور چیف جسٹس ان کی مدت کا آغاز حلف اٹھانے کی تاریخ سے ہوگا۔






















