شامی عرب جمہوریہ نے اعلان کیا ہے کہ سیاسی و سیکیورٹی بحران کی وجہ سے 10 سال سے زائد عرصے تک معطل رہنے والی لیبیا کے ساتھ براہ راست پروازیں دوبارہ شروع کی جا رہی ہیں۔
شامی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سربراہ اشہد السلیبی نے بتایا کہ سیریئن ایئرلائنز اگلے ہفتے سے دمشق اور حلب سے لیبیا کے شہروں طرابلس اور بنغازی کے لیے براہ راست پروازیں چلائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے شام کا بیرون ملک موجود اپنی کمیونٹیز کے ساتھ رابطہ بحال ہوگا اور گزشتہ دسمبر میں اسد رجیم کے خاتمے کے بعد شامی شہریوں کی وطن واپسی میں مدد ملے گی۔
شام اور لیبیا کے درمیان کمرشل پروازیں 2011 میں دونوں ممالک میں سیاسی بحران اور مسلح تنازعات کی وجہ سے معطل ہوگئی تھیں۔
یہ پیش رفت دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کی بحالی اور استحکام کی جانب اہم قدم سمجھی جا رہی ہے۔





















