وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اجلاس میں پنکھوں کی تبدیلی سے متعلق وزیراعظم پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ کی دو سے تین ہفتے میں ضروری اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا یہ پروگرام توانائی کی بچت، مالی شمولیت کے فروغ اور معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کرے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ کی زیر صدارت اجلاس میں وزیر توانائی اویس لغاری، گورنر اسٹیٹ بینک اور متعلقہ اداروں کے سینئر حکام نے شرکت کی۔ نیشنل انرجی ایفشینسی اینڈ کنزرویشن اتھارٹی کے حکام نے شرکا کو وزیراعظم پنکھا تبدیلی پروگرام کی حکمت عملی کا بتایا۔ اجلاس میں بینکوں کے ساتھ معاہدوں کی تکمیل اور بینکنگ سسٹمز کے انضمام سمیت دیگر اہم نکات کا بھی جائزہ لیا گیا۔
وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ اس پروگرام سے بجلی کی کھپت میں کمی ہوگی۔ کم بجلی استعمال کرنے والے پنکھوں سے مجموعی طور پر ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا۔ وزیر خزانہ نےتمام اسٹیک ہولڈرز،خصوصاً شعبہ بینکاری کی شرکت اور تعاون کو سراہا۔۔ کہا کوشش کریں رواں ماہ کے اختتام تک پروگرام کے پہلے مرحلے کا آغاز ممکن ہوسکے۔ شرکا نے معاشی و توانائی شعبے میں حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کے تحت پروگرام کی بروقت تکمیل کے عزم کا اظہار کیا ۔






















