وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پنجاب بھر میں محرم الحرام کے پر امن انعقاد پر متعلقہ وزراء اور اداروں سمیت تمام ٹیم کو شاباش دی۔
اپنے بیان میں وزیر اعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پہلی بار انتظامات کے لحاظ سے بہترین ہی نہیں پر امن ترین محرم منعقد ہوا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی صفائی کے ساتھ نفرت کی گندگی بھی مٹائی گئی ۔
مریم نواز نے سیکریٹری ہوم پنجاب اور متعلقہ وزارتوں کے تمام سیکریٹریوں کو خراج تحسین پیش کیا اور پی ٹی اے سمیت تمام اداروں ، انٹیلی جنس ایجنسیوں ، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کی خدمات کو سراہا۔
مریم نواز نے اسپیشل برانچ ، سی ٹی ڈی اور رینجرز کے افسروں اور جوانوں کو بھی خراج تحسین پیش کیا ۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب بھر میں محرم کے انتظامات میں بھرپور تعاون پر امن کمیٹیوں ، علماء کرام اور عزاداران حسین سے بھی اظہار تشکر کیا۔






















