بھارت نے ایجبسٹن ٹیسٹ میں انگلینڈ کو 337 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز کو 1-1 سے برابر کر دیا، بھارت نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 608 رنز کا ہدف دیا تھا لیکن انگلش ٹیم دوسری اننگز میں صرف 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
بھارت نے پہلی اننگز میں 587 رنز بنائے، جس میں کپتان شبمن گل کی شاندار 269 رنز کی اننگز نمایاں رہی۔
رویندر جڈیجا نے 89 اور یشسوی جیسوال نے 87 رنز کا تعاون کیا۔
انگلینڈ کی پہلی اننگز 407 رنز پر ختم ہوئی جہاں جیمی اسمتھ 88 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ بھارتی بولر آکاش دیپ نے پہلی اننگز میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارت نے دوسری اننگز میں 427 رنز بنائے جس میں شبمن گل نے ایک بار پھر 161 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی۔
انگلینڈ کی دوسری اننگز میں برائڈن کرس نے 36، بین اسٹوکس نے 33 اور بین ڈکٹ نے 25 رنز بنائے لیکن ٹیم ہدف کے تعاقب میں ناکام رہی۔
آکاش دیپ نے دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لے کر میچ میں مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں جو ان کی کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا تیسرا ٹیسٹ 10 جولائی سے لارڈز، لندن میں شروع ہوگا۔






















