لیاری میں حال ہی میں منہدم ہونے والی عمارت کے حادثے نے نہ صرف قیمتی جانیں لیں بلکہ درجنوں رکشہ ڈرائیورز کو بھی بے روزگار کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق حادثے میں عمارت کے پارکنگ اسٹینڈ میں کھڑے 35 رکشے مکمل طور پر تباہ ہوگئے جس سے ڈرائیورز کی روزی روٹی داؤ پر لگ گئی۔
متاثرہ ڈرائیورز نے بتایا کہ گزشتہ چار روز سے ان کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں اور وہ شدید مالی مشکلات سے دوچار ہیں۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ انہوں نے عمارت کے مالک کو متعدد بار خبردار کیا تھا کہ عمارت کی حالت خراب ہے اور یہ کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے، لیکن ان کی باتوں پر توجہ نہ دی گئی۔
ایک ڈرائیور نے سوال اٹھایا کہ اگر بلڈنگ کے لیے نوٹسز جاری کیے گئے تھے تو پارکنگ کو پیسوں کے عوض کیوں کھلا رکھا گیا؟۔
تباہ ہونے والے رکشوں کے مالکان اور ڈرائیورز نے حکومت سے تحریری طور پر معاوضے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ ان کے نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔





















