آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان میگ لیننگ نے انٹرنیشنل کرکٹ کو الوداع کہہ دیا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے مطابق آسٹریلیا کی خواتین ٹیم کی کپتان میگ لیننگ نے بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا اعلان کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق دو آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ اور پانچ آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ ٹائٹلز کی فاتح لیننگ 31 سال کی عمر میں ریٹائر ہو گئی ہیں جو اپنے ملک کے لیے تمام فارمیٹس میں 8000 سے زیادہ رنز بنا چکی ہیں۔
لیننگ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرنا مشکل تھا لیکن مجھے لگتا ہے کہ اب میرے لیے صحیح وقت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے خاندان، اپنے ساتھیوں، کرکٹ وکٹوریہ، کرکٹ آسٹریلیا اور آسٹریلین کرکٹرز ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گی کہ انہوں نے مجھے میرے پسندیدہ کھیل کرکٹ کو کھیلنے کا موقع دیا۔
انہوں نے کہا کہ میں ان تمام مداحوں کا بھی بہت شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے میرے پورے کیریئر میں میرا ساتھ دیا۔
لیننگ نے 241 بین الاقوامی میچز میں آسٹریلیا کی نمائندگی کی اور انہیں 2014 میں آئی سی سی ویمنز ٹی 20 کرکٹر آف دی ایئر نامزد کیا گیا تھا جبکہ اگلے سال آئی سی سی ویمنز ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر قرار دیا گیا تھا۔