وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا ہے کہ ابراہم اکارڈ سے متعلق ہم پر ٹرمپ انتظامیہ یا کسی کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔
سماء کے پروگرام ’ ندیم ملک لائیو ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر مملکت قانون و انصاف بیرسٹر عقیل ملک کا کہنا تھا کہ ابراہم اکارڈ ایک حساس معاملہ ہے اور اس معاملے پر ہماری پرنسپل اور مورل پوزیشن رہی ہے، ایران اور اسرائیل کے معاملے پر بھی پاکستان نے ایک پرنسپل پوزیشن لی جبکہ ایران پر جارحیت ہوئی تو ہم نےاس وقت بھی ایک پوزیشن لی، ایران پر جارحیت کے خلاف ہم کھڑے رہے۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ ابراہم اکارڈ سے متعلق ہم پر ٹرمپ انتظامیہ یا کسی کا کوئی دباؤ نہیں ہے، پاکستان ایک خود مختار ملک ہے اور کوئی ملک پاکستان کو کسی چیز کو قبول اور مسترد کرنے کیلئے مجبور نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ جو پاکستان کے حق میں بہتر ہوگا وہ قومی مفاد ہے اور موجودہ صورتحال میں ہم نے اپنا مفاد دیکھنا ہے۔
لازمی پڑھیں ۔پاکستان کو ابراہم اکارڈ سے متعلق عرب ممالک کے ساتھ جانا چاہیے :رانا ثناء اللہ کی رائے
ان کا کہنا تھا کہ پاک، بھارت جنگ کے بعد ہم نے اپنی پوزیشن منوائی اور پاکستان فاتح بن کر ابھرا جبکہ بھارت کے تمام دعوے زمین بوس ہوئے اور دنیا میں ہم ایک بہتر پوزیشن میں آچکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی سپر پاورز پاکستان کی طرف دیکھ رہی ہیں ، اس کو بھی دیکھنا ہے۔
ایئروائس مارشل اعجاز محمود
پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ایئروائس مارشل اعجاز محمود کا کہنا تھا کہ ابراہم اکارڈ پر ہم حساس پوزیشن پر ہیں، اسلامک بلاک میں ہم واحد نیوکلیئر پاور ہیں، فلسطین کا مسئلہ بھی اہم ہے اور ہمارا ایک موقف ہے، پاکستان کو اس مسئلے پر طویل مفاد کو دیکھنا چاہیے، اس پر اتفاق نہیں کہ ہمیں وہی کرنا چاہیے جس میں سعودیہ کا لیڈنگ رول ہو، ہمیں اپنا ایک آزادنہ فیصلہ لینا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں کوئی مسئلہ ہوتا ہے تو ہر ملک پہلے اپنا مفاد دیکھتا ہے، ہمیں یہ کارڈز بڑی احتیاط سے کھیلنے چاہییں۔
عادل نجم،تجزیہ کار
تجزیہ کار عادل نجم کا کہنا تھا کہ یہ بین الاقوامی نہیں پاکستانی اسٹریٹ کا بھی مسئلہ ہے، سعودیہ سے ہمارا معاشی اور اکنامک رشتہ بھی ہے، اسرائیل کو تسلیم کرنے کے اس منصوبے پر پاکستان لیڈ پر نہیں اور اس حوالے سے ویٹ اینڈ سی والی پالیسی ہونی چاہیے۔
پاکستان کو کسی گیم کا حصہ نہیں بننا چاہیے، ڈاکٹر عادل نجم تجزیہ کار#SamaaTV #NadeemMalikLive #NadeemMalik #Pakistan @nadeemmalik pic.twitter.com/2pAI8cJXTO
— SAMAA TV (@SAMAATV) July 3, 2025
انہوں نے مزید کہا کہ یہ بلاکس اور کلبز میں جانے کا موقع نہیں ہے اور یہ وہ وقت ہے کہ آپ اپنے اصولوں پر قائم رہیں۔






















