تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاہے کہ مخصوص نشستوں سےمتعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سےمتفق نہیں، بانی کی رہنمائی میں جدوجہد جاری رکھیں گے، پارٹی عدلیہ پر حکومت دباؤ کو مسترد کرتی ہے۔ وزیراعلیٰ خیبرپختون خوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ ہم متحد ہیں حقیقی آزادی کے حصول تک تن من دھن سے جدوجہد جاری رہے گی، حکومت کو چیلنج ہے میری حکومت کو گرا کر دکھاؤ، پورے ملک میں تحریک شروع کریں گے، اگر تم لوگوں نے کے پی حکومت گرادی تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔ شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ یوسف خان،وقاص گجر،افتخارجٹ سمیت 10 اسیران رہائی کے بعد انتقال کر گئے، ہمارے رہا ہونے والے قیدیوں کا انتقال کینسر یا ہیپاٹائٹس کے باعث سے ہوا۔
چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے علی امین گنڈا پور کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی پارٹی اجلاس میں مخصوص نشستوں کے فیصلے اور اسیران کے خط سے متعلق بات چیت ہوئی، ہم سب بانی کی رہائی کیلئے کوشش کریں گے اور بانی کی قیادت میں متحد ہیں، بانی تحریک کیلئے جو بھی فیصلہ کریں گے ہم اس پر عمل کریں گے، بانی نے ہمیشہ کہا ڈائیلاگ ہونا چاہیے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے 3رکن قومی اسمبلی کے خلاف ریفرنس بھیجے گئے، بانی نے کہا مذاکرات بامعنی ہوں، ہماری طرف سے مذاکرات کیلئے کوئی دیر نہیں، حکومت سنجیدہ ہوتی تو بانی سے ملاقات میں تاخیر نہیں کرتی، بجٹ سے متعلق ارکان اسمبلیوں اور سینیٹ کی کمیٹیوں کی ملاقاتیں ہونی چاہیےتھیں، کے پی حکومت کی ہر حال میں حفاظت کریں گے، جس کا شوق ہے وہ عدم اعتماد کی تحریک لا کر دیکھ لے، کے پی حکومت بانی کا مینڈیٹ ہے، اس کی حفاظت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ کے پی حکومت ہمارے پاس بانی کی امانت ہے، بانی کی امانت کا ہر صورت تحفظ کریں گے،مخصوص نشستوں سےمتعلق سپریم کورٹ کے فیصلے سےمتفق نہیں، بانی کی رہنمائی میں جدوجہد جاری رکھیں گے، پارٹی عدلیہ پر حکومت دباؤ کو مسترد کرتی ہے۔
وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ آج پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہمارے اتحاد کا پیغام ہے، ہم متحد ہیں حقیقی آزادی کے حصول تک تن من دھن سے جدوجہد جاری رہے گی، میں 9مئی سے پہلے گرفتار ہوا تھا، بانی کے خلاف نفرت تحریک انصاف کے خلاف سازش تھی، مجھے گرفتار کر کے بانی کے خلاف بیان دینے کیلئے کہا گیا، 9مئی بہانہ ہے، بانی نشانہ تھا، ہمارا مینڈیٹ چوری کیاگیا تھا، مخصوص نشستوں کا فیصلہ بھی دھبہ ہے، پیکا ایکٹ سمیت جو کچھ ہو رہا ہے قوم کو غلام بنانے کی کوشش ہو رہی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کےپی میں بانی کی حکومت ہے،مینڈیٹ وہاں بھی چوری ہوالیکن ہم نے تحفظ کرلیا، بانی سے بجٹ سےمتعلق ملاقات کرنا چاہتے ہیں جو نہیں کرائی جا رہی، بجٹ کے بعد بانی سے ملاقات ہوئی، ثابت ہوا کہ بانی حکومت نہیں جانے دینا چاہتےتھے، کھلا چیلنج ہے جتنا زور لگانا چاہتے ہو ،لگا کر دیکھ لو، اگر تم لوگوں نے کے پی حکومت گراوا لی یا پھر ختم کردی ، تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔
وزیراعلیٰ کے پی کے علی امین گنڈاپور نے کہا کہ کے پی حکومت بانی کی حکومت ہے، بانی نے مجھے عہدہ دےرکھا ہے، حکومت کو چیلنج ہے میری حکومت کو گرا کر دکھاؤ، پورے ملک میں تحریک شروع کریں گے، اگر کوئی کچھ کر رہا ہے تو وہ بانی کے فیصلوں کی خلاف ورزی کررہاہے، کےپی حکومت کے 15ماہ میں 250ارب روپے کا سرپلس ہے، کےپی حکومت کا ایک اکاؤنٹ کھولا گیا، روزانہ 6کروڑکی آمدن آرہی ہے، کےپی میں صحت کارڈ بند ہو چکا تھا، حکومت نے آتے ہی صحت کارڈ بحال کیا، اس بجٹ میں کوئی ٹیکس نہیں لگایا، کوئی قرض بھی نہیں لیا۔
علی امین نے کہا کہ اس بارجب ہماری حکومت آئی تو عوام کا سیکیورٹی اداروں پراعتماد نہیں تھا، اس وقت خطےمیں جوحالات ہیں اس میں مذاکرات کرنا ہوں گے،امن و امان کا مسئلہ آج کا نہیں ہے ، بانی کی حکومت میں کتنے ڈرون حملے ہوتے تھے؟ رجیم چیلنج کیا گیا، بانی کی حکومت ختم کی گئی، سانحے اللہ کی طرف سے ہوجاتے ہیں، حکومت ملی تو کرم کا مسئلہ وراثت میں ملا، خطے میں اس وقت جو حالات ہیں، پہلے دن سے کہہ رہاہوں مذاکرات کرو، میں نے پڑوسی ملک سے مذاکرات کی بات کی، اس وقت کے پی میں آنے والے دہشتگردوں کا تعلق افغانستان سےہے، افغانستان سے دہشتگرد کے پی میں آ رہے ہیں، ہم دہشتگردوں سے نہیں، افغانستان حکومت سے مذاکرات کی بات کرتے ہیں، پوری دنیا افغان حکومت کو مان چکی ہے،ہم یہاں پر نواب بن کر بیٹھے ہیں۔
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک میں فسطائیت ہورہی ہے، لوگوں کو گھروں سے اٹھایا جا رہاہے، مریم نواز سے بھی سوال کیا کرو، پنجاب میں گھروں سے لوگوں کو کیوں اٹھایاجاتا ہے، میں ایک ماہ کیلئے جیل گیا تو ہماری 2حکومتیں گرا دی گئیں، ان کا پلان تھا بجٹ سےمتعلق بانی سے ملاقات نہیں کرائیں گے تو ہم پیچھے ہٹ جائیں گے، یہ چاہتے تھے بجٹ پاس نہیں ہو گا تو یہ صوبے میں ایمرجنسی لگا دیں گے، میں سیاسی اور آئینی طور پر ان کو چیلنج کر رہاہوں، غیرآئینی کام تو یہ کوئی بھی کر سکتےہیں۔
انہوں نے کہا کہ بانی نے ہمیشہ پاکستان کیلئے مذاکرات کی بات کی، یہ لوگ خود مذاکرات کیلئے سنجیدہ کرائیں، اگر یہ مذاکرات کیلئے سنجیدہ ہیں تو ہماری بات سے ملاقاتیں کیوں نہیں کراتے،
شیخ وقاص اکرم رہائی کےبعد انتقال کرنےکارکنوں کی تفصیلات سامنےلےآئے
شیخ وقاص اکرم نے کہا کہ یوسف خان،وقاص گجر،افتخارجٹ سمیت 10 اسیران رہائی کے بعد انتقال کر گئے، ہمارے رہا ہونے والے قیدیوں کا انتقال کینسر یا ہیپاٹائٹس کے باعث سے ہوا، ہمارےکچھ اسیران 10ماہ ،11ماہ بعد جیلوں سے نکلے، جتنے لوگ نکلے وہ بیمار ہوکر باہرنکلےہیں، چیف جسٹس ان واقعات کی تحقیقات کرائیں۔
صدرپی ٹی آئی کےپی جنیداکبرخان
پی ٹی آئی رہنما جنید اکبر خان نے کہا کہ ہماری پوری دستیاب قیادت اجلاس میں شریک ہے، اختلافات اپنی جگہ ہے، بانی پی ٹی آئی جوذمہ داری دیں گے،بانی کی کال پراکٹھےہوجائیں گے۔
سلمان اکرم راجا
سلمان اکرم راجا کا کہناتھا کہ پی ٹی آئی کی جدوجہد پاکستان کے عوام کی جدوجہد ہے، قیام پاکستان کے بعد سے ہر الیکشن لوٹا جا رہاہے، 8فروری 2024کو بھی ایسا ہی کیا گیا، تمام کوششوں کے باوجود پاکستان کی عوام باہر نکلی، ہمیں کہا جاتا ہے مٹی ڈالو اور آگے بڑھو، جب تک عوام کی آواز کو نہیں سنا جائے گا، پاکپتن میں 20بچے مرتے رہیں گے، شروع دن سےیہ ملک اشرافیہ کیلئے کام کررہاہے، عوام کیلئے نہیں، عوام کے ووٹ کو رد کر کے عوام کے وجود کو رد کیا جاتا ہے، بانی اس لیے جیل میں ہیں کہ وہ عوام کی جنگ لڑ رہے ہیں، ہم پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں، بہت جلد فتح حاصل کریں گے۔





















