آسٹریلیا کے مایہ ناز اسپنر نیتھن لائن نے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے ایک منفرد اعلان کیا ہے کہ وہ آسٹریلوی ٹیم کے روایتی وکٹری سونگ کی قیادت سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق نیتھن لائن نے کہا کہ وہ کرکٹ کھیلنا جاری رکھیں گے لیکن ٹیم کی فتح کے بعد کورس کی شکل میں گایا جانے والا وکٹری سونگ اب وہ نہیں گائیں گے۔
انہوں نے وکٹ کیپر ایلکس کیری کو اس روایت کی قیادت کے لیے بہترین امیدوار قرار دیا۔
لائن نے بتایا کہ ان کا ارادہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ جیتنے کے بعد یہ ذمہ داری منتقل کرنے کا تھا لیکن اب ویسٹ انڈیز سیریز سے یہ فیصلہ نافذ العمل ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا ہمیشہ سے خواب رہا ہے کہ وہ بھارت اور انگلینڈ میں فتح حاصل کریں اور وہ ایک اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔
واضح رہے کہ آسٹریلوی ٹیم کی یہ روایت 1980 سے جاری ہے اور نیتھن لائن نے 67 فتوحات میں وکٹری سونگ کی قیادت کی جبکہ اب یہ ذمہ داری ایلکس کیری سنبھالیں گے۔






















