کوئٹہ میں ضلعی انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد شوگر ڈیلرز نے ہڑتال ختم کر دی ۔
کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے شوگر ڈیلرز کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ڈیلرز کی چینی سے لوڈ گاڑیوں کو مختلف ناکوں پر روک کر تنگ کیا جا رہا تھا جس کی وجہ سے انہوں نے چینی کی لوڈنگ بند کر دی ہے اسی تناظر میں متعلقہ اداروں سے رابطہ کیا گیا اب تاجروں کے ساتھ معاملات طے پا گئے ہیں
انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں چینی کی قیمت 200 روپے سے کم ہو کر 140 روپے تک آجائے گی ، عوام کو ریلیف دینے کے لئے سستے بازار بھی لگائے جائیں گے آئندہ سے انسداد سمگلنگ کے لئے گڈز ٹرکوں کا ریکارڈ کمپیوٹرائزڈ کر رہے ہیں ۔
اس موقع پر شوگر ڈیلرز کا کہنا تھا کہ انہوں نے آج سے ہڑتال ختم کردی ہے اور چینی کی لوڈنگ شروع کر دی ہے ، ڈیلرز کے پاس پرمٹ ،این اوسی اور لیگل دستاویزات ہونے کے باوجود ان کے چینی کے ٹرکوں کو سکھر کسٹم نے روک رکھا تھا ایک سے دو دنوں میں چینی کا ریٹ 140 روپے فی کلو پر لائیں گے۔