وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر اور مسلم لیگ ( ن ) کے سینئر رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان کو اڈیالہ جیل سے تحریک نہیں چلانے دیں گے۔
سماء کے پروگرام ’ ریڈ لائن ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کا مؤقف ہے کہ سیاسی جماعتیں آپس میں بات کریں ، وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی آئی کو 3 بار بات چیت کی آفر کی جبکہ انہوں نے بجٹ کے دوران بھی مذاکرات کی پیشکش کی، جمہوریت مذاکرات سے ہی آگے چلتی ہے۔
وزیر اعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ 2018 کے الیکشن میں ہماری 45 سیٹیں چوری کی گئی تھیں۔
رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ سنگجانی میں سنجیدہ مذاکرات ہوسکتے تھے ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف والے اگر غلطیاں دہراتے رہے تو ان کے ساتھ ایک اور 8 فروری ہو جائے گا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی دھمکیاں دیں گے تو مشکلات بڑھیں گی اور انہیں جیل سے تحریک نہیں چلانے دیں گے۔



















