پاکستان بزنس کونسل ( پی بی سی ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے معروف بینکر جاوید قریشی کو ادارے کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کر دیا۔
جاوید قریشی 11 جولائی 2025 سے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے جبکہ سبکدوش ہونے والے سی ای او احسان ملک کو ان کی دہائی پر محیط خدمات پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
جاوید قریشی کو ادارے کا نیا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کرنے کا باضابطہ اعلان بورڈ آف ڈائریکٹرز کی متفقہ منظوری کے ساتھ کیا گیا ہے۔
جاوید قریشی کو بین الاقوامی بینکاری اور قیادت کا 34 سالہ تجربہ حاصل ہے اور انہوں نے مشرق وسطیٰ، افریقہ، یورپ اور پاکستان میں اعلیٰ عہدوں پر خدمات انجام دیں جبکہ وہ ابھرتی ہوئی معیشتوں، پالیسی ایڈووکیسی اور اسٹیک ہولڈرز سے روابط کے ماہر ہیں۔
چیئرپرسن پاکستان بزنس کونسل ڈاکٹر زِیلَف منیر نے سبکدوش ہونے والے سی ای او احسان ملک کی دس سالہ قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے پی بی سی کو ایک مؤثر اور ترقی پسند کاروباری آواز بنایا جبکہ انہوں نے جاوید قریشی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان کا عالمی تجربہ اور پاکستان کے کاروباری منظرنامے کی گہری سمجھ کونسل کو پائیدار ترقی اور مثبت اثرات کے اگلے مرحلے کی جانب مؤثر طور پر رہنمائی فراہم کرے گی۔





















