کراچی سے جدہ جانیوالے سعودی ایئر لائن کے طیارے نے تکنیی خرابی کے باعث کراچی ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی ہے، طیارے میں 200 سے زائد مسافر سوار تھے۔
ذرائع کے مطابق سعودی ایئر لائن کے طیارے کے ٹیک آف کے چند منٹ بعد ہی کپتان کو تکنیکی خرابی محسوس ہوئی، طیارہ کراچی سے جدہ جارہا تھا، کپتان نے کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کرکے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت مانگی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ترجمان کے مطابق انجن لائٹ کے روشن ہونے پر پائلٹ نے ایندھن خارج کرکے پرواز کو واپس موڑنے کا فیصلہ کیا۔
ایئرپورٹ انتظامیہ نے ایس او پیز کے تحت ایمرجنسی اقدامات اختیار کیے۔ ایئرپورٹ انتظامیہ ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار تھی،
طیارہ نے کچھ دیر بعد واپس کراچی ایئر پورٹ پر بحفاظت لینڈ کیا۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے مطابق طیارے کے تمام مسافر بحفاظت آف لوڈ کردیے گئے، ابتدائی معائنے میں انجن میں خرابی ظاہر نہیں ہوئی۔





















