پاکستان نے مشرق وسطیٰ میں فوری اور غیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے ایرانی تنصیبات پرامریکی حملے کی مذمت کی، کہا مشرق وسطیٰ مزید عدم استحکام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ مزید کشیدگی کے اثرات خطے کے باہر بھی اثرانداز ہونگے۔ عاصم افتخار نے فوری اورغیرمشروط جنگ بندی کا مطالبہ کردیا۔
عاصم افتخار نے کہا کہ کئی اراکین نے اقوام متحدہ کے چارٹر کی سنگین خلاف ورزی سے خبردار کیا مگر کشیدگی کم کرنے اور پرامن حل کے لیے بات چیت کی عالمی اپیلیں نظرانداز کی گئی ، پاکستان نے اقوام متحدہ کے چارٹرکے مطابق ان واقعات پر اصولی مؤقف اپنایا ، ہم نے اسرائیلی جارحیت کی بھرپور اور غیر مبہم انداز میں مذمت کی، ایران کے دفاع کے جائز حق کی مکمل حمایت کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی اے ای اے کے زیر نگرانی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملوں کی مخالفت کی، پاکستان نے ایران پراسرائیلی جارحیت کو ختم کرنے کا مطالبہ کیا، ایرانی جوہری مسئلے کے پرامن اور دیرپا حل کیلئے مذاکرات کی وکالت کی، حالیہ پیش رفت پرشدید تشویش ہے،جس سے تناؤ میں مزید اضافہ ہوا۔
عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت اور غیر قانونی اقدامات اور کشیدگی میں اضافہ نہایت تشویشناک ہے، مزید کشیدگی کے امکانات خطے اور پوری دنیا کیلئے تباہ کن ثابت ہو سکتے ہیں، یہ حملے پورے خطے ،دنیا بھر کی سلامتی اور تحفظ کیلئے سنگین خطرہ بن چکے ہیں، پاکستان نازک وقت میں ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کرتا ہے۔
پاکستانی مندوب نے کہا کہ اقوام متحدہ کے رکن ممالک سلامتی کونسل کے فیصلوں کو تسلیم اور عملدرآمد کے پابند ہیں، عملدرآمد کی بڑی ذمہ داری سلامتی کونسل کے ارکین پرعائد ہوتی ہے، سلامتی کونسل کو فوری اور فیصلہ کن کارروائی کرنا ہوگی، طاقت کے استعمال یا اس کی دھمکی کی ہرگز اجازت نہیں دی جا سکتی۔






















